Live Updates

سیمنٹ کی فروخت میں 6.6 فیصد کمی، تعمیراتی سرگرمیاں تاحال سست روی کا شکار

اتوار 6 اپریل 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں سست رہیں، مقامی سیمنٹ کی فروخت 6.6 فیصد کم ہوکر 27.46 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 29.4 ملین ٹن تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سیمنٹ کی برآمدات 28 فیصد اضافے کے ساتھ5.1 ملین ٹن سے بڑھ کر 6.53 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے،جولائی تا مارچ مالی سال 2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل 33.99 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 34.5 ملین ٹن کے مقابلے میں 1.48 فیصد کم ہے۔

شمال میں قائم سیمنٹ ملوں نے 9 ماہ کے عرصے کے دوران 22.79 ملین ٹن کی مقامی ترسیل ریکارڈ کی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 24.24 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے، شمال کی برآمدات 7.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1.12 ٹن رہیں جو 1.039 ٹن تھیں۔

(جاری ہے)

جولائی تا مارچ کے دوران 25.28 ملین ٹن کے مقابلے میں شمال سے کل ترسیل 5.4 فیصد کم ہوکر 23.91 ملین ٹن رہ گئی۔جنوب میں ملکی ترسیل 9.6 فیصد کم ہوکر 4.76 رہ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5.17 ملین ٹن تھی، اس کے برعکس برآمدات 33.3 فیصد اضافے کے ساتھ 4.06 ٹن سے بڑھ کر 5.42 ملین ٹن ہو گئیں۔

جنوب سے تعلق رکھنے والے ملوں سے مجموعی ترسیل 9.3 فیصد اضافے کے ساتھ 10.08 ملین ٹن ہوگئی جو 9.23 ملین ٹن تھی۔مارچ 2025 میں سیمنٹ کی مقامی ترسیل 11.3 فیصد کم ہوکر 2.96 ملین ٹن رہی جو مارچ 2024 میں 3.34 ملین ٹن تھی۔برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 605,142 ٹن کے مقابلے میں 608,614 ٹن رہا۔ مارچ 2024 میں 3.94 ملین ٹن کے مقابلے میں مہینے کے لیے کل ترسیل 9.5 فیصد کم ہوکر 3.57 ملین ٹن ہوگئی۔

اے پی سی ایم اے کے ایک ترجمان نے اقتصادی سرگرمیوں کے بنیادی محرک کے طور پر سیمنٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعدد شعبوں میں براہ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کرنے میں اس کے کردار کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ ایک اہم شے ہے اور کئی متعلقہ صنعتوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں ہنر مند اور غیر ہنر مند کارکنوں کی مدد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ پالیسی ساز آئندہ بجٹ میں سیمنٹ پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں کمی پر غور کریں گے تاکہ عوام کے لیے سیمنٹ سستی ہو، جس سے گھریلو آف ٹیک میں اضافہ ہوگا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات