حریت رہنمائوں کا غلام محمد نائیکوکے انتقال پر اظہار تعزیت

اتوار 6 اپریل 2025 18:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما فضل الحق قریشی نے ممتاز حریت پسند غلام محمد نائیکوکے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فضل الحق قریشی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ اوردیگر لواحقین سے ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکیا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے غلام محمد نائیکو کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اورلواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ دریں اثناء ڈیموکریٹک فریڈم کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے بھی غلام محمد نائیکو کے انتقال پر رنج وغم کااظہارکیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرینگر میں ایک بیان میںتحریک آزادی میں انکی خدمات اورقربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے شدید مشکلات کے باوجود اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کررکھی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے بھی مرحوم غلام محمد نائیکو کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ انہوں نے ایک بیان میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کاکرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔