سی پی او سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کرائم میٹنگ کا انعقاد

اتوار 6 اپریل 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) سی پی او سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس پی سیکیورٹی، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اتوار کو ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات دیں۔

انہوں نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ تین روز میں 37 بڑے منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 80 کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق منشیات کے خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منشیات فروشوں کے خلاف ہوٹل، سرائے، ہوسٹلز میں بھی سرچ آپریشنز کئے جائیں اور جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی پکٹنگ اور گشت کو یقینی بنایا جائے۔ سی پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔