وزیرداخلہ محسن نقوی کا پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین

اتوار 6 اپریل 2025 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح آج بھی بر وقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی شمالی وزیرستان میں دراندازی کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم دراندازی کرنے والے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔