امیت شاہ کے دورے کے پیش نظرمقبوضہ جموں وکشمیرمیں آج دوسرے بھی سخت پابندیاں عائد

پیر 7 اپریل 2025 11:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے دو روزہ دورے کے پیش نظر آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں پولیس کے سینئر حکام نے میڈیا کو تصدیق کی کہ علاقے میں داخلی اور خارجی راستوں پر بھارتی فوج ، پیراملٹری فورسز اورپولیس کی اضافی نفری تعینات کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پابندیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق امیت شاہ پیر کو شام 6بجے کے قریب سرینگر کے ہوائی اڈے پر پہنچیں گے اور سب سے پہلے ائیرپورٹ روڈ پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں مزمل بٹ کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔اس کے بعد امیت شاہ سڑک کے ذریعے گورنر ہائوس جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہوائی اڈے سے گورنر ہائوس تک سڑک کو مکمل طور پر کلئیر کیا گیا ہے اور چوبیس گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دورے کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے پورے کشمیر میں خاص طور پر سرینگر میںسکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ا ضافی چوکیاں قائم کی گئی ہیں، ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے اورحساس مقامات پر فورسز اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے۔حکام نے بتایا کہ اہم تنصیبات کی طرف جانے والے راستوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور سرینگر شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے الیکٹرانک سرویلنس سمیت انسانی اور تکنیکی انٹلی جنس کا استعمال کر رہے ہیں۔ رات کی گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔