سندھ زرعی یونیورسٹی میں پلانٹ پروٹیکشن سائنسز پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس 9اپریل کو شروع ہوگی، ملکی و عالمی ماہرین اپنے مقالے پیش کریں گیں

پیر 7 اپریل 2025 16:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں دوروزہ پلانٹ پروٹیکشن سائنسز پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی پی پی ایس -2025 )9اپریل بدھ سے منعقد کی جائے گی، جس میں دنیا بھر کے ممتاز سائنسدان اور ماہرین، فصلوں کے تحفظ کے لیے پائیدار اور جدید طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔یونیورسٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کا انعقاد فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کیلئےسندھ ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے تعاون کیا ہے، اس کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان اور ترقی یافتہ ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ ایونٹ محققین، نوجوان سائنسدانوں اور طلبہ کی استعداد بڑھانے کے لیے معلومات کے تبادلے اور طویل مدتی اشتراک کے مواقع فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس تقریب کا افتتاح سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال کریں گے۔جبکہ چین، آذربائیجان، قازقستان، ملائیشیا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کلیدی مقررین کانفرنس سے خطاب کریں گے، جن میں پروفیسر ڈاکٹر وین منگ وان، پروفیسر ڈاکٹر ژو زونگ شان، پروفیسر ڈاکٹر یوچیاؤ ہی، اور پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین سومرو شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ماہرین فصلوں کی بیماریوں کے نظم و نسق، کیڑوں کے تدارک، ماحولیاتی تحفظ، اور جڑی بوٹیوں کے کنٹرول جیسے موضوعات پر اپنے تحقیقی مقالوں کے بعد سفارشات پیش کریں گے۔ تکنیکی نشستوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، حیاتیاتی کیڑوں کا کنٹرول، مالیکیولر پلانٹ پیتھالوجی، اور پریسیژن ایگریکلچر جیسے جدید موضوعات پر بحث کی جائے گی۔یہ دو روزہ کانفرنس پائیدار زراعت اور عالمی سائنسی تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی، جو پاکستان کے زرعی شعبے میں جدیدیت اور غذائی تحفظ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔