ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے رفعت مختارنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 7 اپریل 2025 20:03

ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے رفعت مختارنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2025ء)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے۔اس سے قبل رفعت مختار نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں بطور انسپکٹر جنرل اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔دوران سروس انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر کام کیا۔

آپ نے وزارت داخلہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری بھی خدمات سرانجام دیں۔اس کے علاوہ آپ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ بھی تعینات رہے۔ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار بطور آر پی او گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز آمد کے موقع پر افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا اور ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار نے کہا کہ ایمانداری، فرض شناسی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے۔ بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے خبردارکیا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔