بوٹی مافیا کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے،چیئرمین تعلیمی بورڈ

پیر 7 اپریل 2025 23:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ بوٹی مافیا کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔ کسی کو بھی نقل یا غیر قانونی ذرائع سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرسٹ اینول امتحانات 2025 کے سلسلے میں امتحانی مراکز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت فرسٹ اینول امتحانات 2025 سخت نگرانی کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایت پر تمام امتحانی مراکز میں سیکورٹی اور مانیٹرنگ کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا کے نیٹ ورک کو بڑی حد تک توڑ دیا گیا ہے اور اب کسی کو بھی نقل یا غیر قانونی ذرائع سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کے دوران مانیٹرنگ ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں اور جہاں بھی کوئی خلاف ورزی نظر آتی ہے وہاں فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔ طلباء و طالبات کی محنت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔