ڈیرہ جات فیسٹول کے تحت گرین ڈیرہ پلانٹیشن ڈرائیو کے سلسلے میں محکمہ جنگلات کی جانب سے دھپ چھبک کے مقام پر شجرکاری پروگرام کا انعقاد

پیر 7 اپریل 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)ڈیرہ جات فیسٹول کے تحت گرین ڈیرہ پلانٹیشن ڈرائیو کے سلسلے میں محکمہ جنگلات کی جانب سے دھپ چھبک کے مقام پر شجرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور، صوبائی سیکرٹری سپورٹس ضیاء الحق،ڈی جی سپورٹس عبد الناصر خان، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سارہ رحمٰن، ڈپٹی کمشنر ٹانک تنویر خان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر امین الاسلام کے علاوہ محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاروں اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی سمیت تمام شرکاء نے اپنے اپنے حصے کا افتتاحی پودا لگا کر ڈیرہ جات گرین ڈیرہ پلانٹیشن ڈرائیو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام دنیا کو گلوبل وارمنگ کے خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں ان خطرات سے نمٹنے کیلئے شجرکاری مہم منعقد کی جاتی ہے لہذا مذکورہ مہم میں تمام لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ نہ صرف سرسبز پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو بلکہ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور آکسیجن کی کمی جیسے مسائل کا بھی تدارک کیا جا سکے۔

ابتدائی طور پر مذکورہ شجرکاری مہم کے دوران 50ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سارہ رحمٰن نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایک خوبصورت اور ذرخیز علاقہ ہے اوریہاں کے لوگ بھی احساس والے ہیں اور قدرتی خوبصورتی، صفائی اور قدرتی ماحول سے لگاؤ رکھنے والے ہیں۔بلین ٹری سونامی شجرکاری کے دوران یہاں ریکارڈ سطح پر پودے لگائے گئے تھے اور اس کامیابی کے بعد پاکستان کا دنیا میں نام ہوا۔درخت کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اور ہم نے آنے والی نسلوں کو سرسبز پاکستان مہیا کرنا ہے۔