}پنجاب پولیس راولپنڈی کا ایک اوربہادر سپوت فرض کی راہ میں قربان

پیر 7 اپریل 2025 21:05

ک*لاہور‘ڑاولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس راولپنڈی کے سب انسپکٹر ہارون حیات کی عظیم قربانی کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہید سب انسپکٹر ہارون حیات ایک ہفتہ قبل صوابی میں مغوی کی بازیابی کے لیے آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے اور ہسپتال میں زیرعلاج تھے جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔

آپریشن کے دوران مغوی شہری عباس علی کو بحفاظت بازیاب کرواتے ہوئے ایک اغواء کار گرفتار کیا گیا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے شہید سب انسپکٹر ہارون حیات کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔

شہید سب انسپکٹر ہارون حیات کی نمازجنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔پولیس کے چاق وچوبند دستوں، افسران نے شہید سب انسپکٹر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں۔ نماز جنازہ میں آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد ہمدانی، پاک فوج کے سینئر افسران، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ڈویثرنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران و جوانواں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شہید سب انسپکٹر ہارون حیات نے سوگواران میں والدہ، بھائی اور دو بہنوں کو چھوڑا ہے۔آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ شہدائ ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید سب انسپکٹر ہارون حیات کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ چوآسیدن شاہ ضلع چکوال روانہ کر دیا گیا۔