جابہ میں ماں اور کمسن بچی کا سفاکانہ قتل، کیس کے تمام 6 مرکزی ملزمان گرفتار

منگل 8 اپریل 2025 17:11

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) مانسہرہ کے تھانہ صدر کی حدود جابہ میں ماں اور 16 ماہ کی کمسن بچی کے اندوہناک قتل کیس میں مانسہرہ پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے،کیس میں ملوث تمام 6 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تفتیش کا عمل میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کے نوٹس پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور کی زیر نگرانی قائم سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے شب و روز کی محنت، جدید ٹیکنیکل ذرائع اور موثر سرچ آپریشنز کے ذریعہ پہلے پانچ ملزمان وصی شاہ ولد واجد شاہ، عبدالرزاق شاہ ولد افسر شاہ، نیاز علی شاہ ولد افسر شاہ، قائم علی شاہ ولد فرزند علی شاہ اور احسن علی شاہ ولد فرزند علی شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

منگل کی تازہ ترین پیش رفت میں کیس کے آخری ملزم سید مہتاب شاہ ولد سید افسر شاہ سکنہ جابہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا ہے کہ مانسہرہ پولیس اس کیس کی تفتیش بالکل میرٹ پر ،غیرجانبدار اور پیشہ وارانہ انداز میں انجام دے رہی ہے، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور معاشرہ میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔