حریت کانفرنس کی طرف سے بھارتی وزیر داخلہ کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کی مذمت

امیت شاہ کا دورہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کے جھوٹے بیانیہ کو آگے بڑھانے کیلئے رچایاجانے والا ایک ڈرامہ ہے، ترجمان

منگل 8 اپریل 2025 22:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے اس دورے کو مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی ایک کوشش قراردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امیت شاہ کا دورہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کے جھوٹے بیانیہ کو آگے بڑھانے کیلئے رچایاجانے والا ایک ڈرامہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں بھارتی وزیر داخلہ کی موجودگی روزانہ کی بنیاد پر بھارتی فوج کے ظلم و تشدد کا نشانہ بننے والے کشمیریوں کی توہین بھی ہے ۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے کہا کہ میت شاہ کے دورے کا مقصد مقبوضہ علاقے میں آر ایس ایس کے کشمیر اور مسلم مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوںکیلئے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی حیثیت ایک مجرم کی ہے کیونکہ نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی فوجیوں کے مظالم میں انکا مرکزی کردار ہے ۔عبدالرشید منہاس نے کہا کہ ظالم وجابر بھارتی حکمرانوں کے مقبوضہ کے دورے محاصرے کا شکار کشمیریوں کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے کیونکہ ان کا واحد مقصد مقبوضہ علاقے کے زمینی حقائق کو مسخ کرنا ہے۔