وزیر اعظم کا پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا عندیہ

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود پاکستان میں شہریوں کو ریلیف نہ ملنے کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 8 اپریل 2025 19:33

وزیر اعظم کا پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا عندیہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08اپریل 2025) وزیر اعظم کا پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود پاکستان میں شہریوں کو ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔ منگل کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا عندیہ دیا۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم نرخ کم ہونے پر ایک بار پھر پٹرول کے بجائے بجلی سستی کریں گے، کوشش ہے کہ موجودہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ معیشت اور عوام کو پہنچے۔

اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے قوم کو ہرشعبے میں فائدہ پہنچے گا جس میں مزید کمی کیلئے کوشش کی جارہی ہے امید ہے کہ چند ماہ میں مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ اللہ کا شکر ہے ہم نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے۔

وزیر اعظم کاکہنا تھاکہ جیسے پہلے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کی قیمت کم کرکے دیا اسی طرح اس وقت جو بڑی کمی آرہی ہے اس کا فائدہ بھی عوام کو پہنچائیں گے۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حال ہی میں کمی واقع ہوئی ہے اس کا دیرپا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے، تجاویز پر غور کیا جارہا ہے جلد ایک آپشن بناکر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ہر شعبے کو فائدہ ہوگا۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے بہت محنت کی گئی۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 2021 کے مرتبہ پہلی مرتبہ 60 ڈالرز فی بیرل کی سطح کے قریب آ چکیں۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 5 سالوں میں پہلی مرتبہ 60 ڈالرز سے نیچے آ گئی، جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت بھی 60 ڈالرز کی سطح کے قریب آ چکی۔ تاہم اس کے باوجود پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف نہیں مل سکا۔ یکم اپریل سے پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے کمی کا ریلیف دیے جانے کی گنجائش تھی، تاہم حکومت نے صرف پٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ کمی کی۔ جبکہ بجلی کی قیمت میں کمی سے متعلق بھی انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے بجلے کے بنیادی ٹیرف میں کوئی کمی نہیں کی۔