eالخدمت فائونڈیشن کی جانب سے 57ویں ہسپتال کا افتتاح

منگل 8 اپریل 2025 20:10

#لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2025ء) الخدمت فائونڈیشن کے تحت گجرات میں 57ویں ہسپتال کاافتتاح کر دیا گیا ۔افتتاحی تقریب میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، چیئرمین الخدمت ہیلتھ فائونڈیشن پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف، جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ فائونڈیشن ڈاکٹر عبدالرحمن، امیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، صدر الخدمت فائونڈیشن شمالی پنجاب رضوان احمد، میاں شوق، میاں محمد الطاف، ڈاکٹر محمد افضل سمیت بڑی تعداد میں مخیر حضرات، سول سوسائٹی گروپس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

یہ ہسپتال آٹھ کنال پر محیط اپنی نوعیت کا بہترین ہسپتال ہے۔ جس پر تقریباً 25کروڑ کی لاگت آئی ہے ۔50بیڈز پر مشتمل اس ہسپتال میں اوپی ڈی، آئی پی ڈی، گائنی، پیڈز، جنرل سرجری، لیبارٹری، ایکسرے، الٹراساونڈ، فارمیسی، بلڈ بینک، ایمبولینس سروسز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھرمیں عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف نے بتایا کہ الخدمت فائونڈیشن کے ملک بھر میں 57ہسپتال، 48میڈیکل سنٹرز،1351میڈیکل کیمپس، 300ایمبو لینسز، 65فارمیسیز اور 136ڈائیگناسٹک اینڈ کولیکشن سنٹرز موجود ہیں جن سے گزشتہ سال ایک کروڑ سے زائد مریضوں مستفید ہوئے۔ اس موقع پر مخیر حضرات نے الخدمت فائونڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کی انسانی خدمات بے مثال ہیں۔