Live Updates

پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) کا وزیر اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ تعلیم سے جامعہ پشاور کے دیرینہ مسائل فوری حل کرنیکا مطالبہ

منگل 8 اپریل 2025 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) کا وزیر اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ تعلیم سے جامعہ پشاور کے دیرینہ مسائل فوری حل کرنیکا مطالبہ۔ ایسوسی ایشن نے و زیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور اوروزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی سے اپیل کی ہے کہ جامعہ پشاور کو درپیش دیرینہ اور سنگین مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں۔

اب وقت آ گیا ہے کہ کھوکھلے سیاسی نعروں سے آگے بڑھا جائے اور عملی و نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ مسائل حل ہو سکیں جو براہِ راست تعلیمی ماحول اور اساتذہ و عملے کے حوصلے کو متاثر کر رہے ہیں۔ پیوٹا کے مطابق تنخواہوں اور پنشن کی فوری اور مکمل ادائیگی سمیت خالی آسامیوں کا اشتہار وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق جاری کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے جامعہ کے وائس چانسلر کو خالی آسامیوں کے اشتہارات جاری کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ اہل اور سینئر امیدواروں کو جگہ دی جا سکے۔

مگر اعلیٰ تعلیم کا محکمہ اور متعلقہ وزیر تاحال اس حکم پر عمل درآمد میں ناکام رہے ہیں۔ پیوٹا کو خدشہ ہے کہ اس تاخیر کے پیچھے کچھ 'سیاسی عناصر' کے ذاتی مفادات کارفرما ہیں، جو میرٹ اور تعلیمی ادارے کی ساکھ کے منافی ہے اور وزیر اعلیٰ نے جامعہ پشاور میں میڈیکل کالج کے قیام اور اس کے لیے 50 کروڑ روپے کے بجٹ کا اعلان کیا تھا۔ مگر وقت گزرنے کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اس تاخیر سے حکومت کی اپنی وعدہ خلافی اور اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے سنجیدگی پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔اگر ان اہم مطالبات کو مقررہ وقت میں پورا نہ کیا گیا تو پیوٹا پرامن مگر سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی، جن میں مکمل تعلیمی بائیکاٹ بھی شامل ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات