وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ایگریکلچر یونیورسٹی ڈی آئی خان کی سینیٹ کا پانچواں اجلاس

منگل 8 اپریل 2025 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ایگریکلچر یونیورسٹی ڈی آئی خان کی سینیٹ کا پانچواں اجلاس منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے پہلی دفعہ کسی یونیورسٹی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر سجاد بارکوال اور سیکرٹری اعلیٰ تعلیم کے علاوہ وائس چانسلر اور سینیٹ کے دیگر ممبران اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سینیٹ کے گزشتہ اجلاس کے منٹس اور یونیورسٹی کے مختلف سٹیٹیوٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں، ترقیاتی کاموں، انتظامی معاملات، درپیش مسائل اور دیگر امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایگریکلچر یونیورسٹی ڈی آئی خان 2018 میں قائم کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس وقت یونیورسٹی کے تحت مختلف پروگراموں میں 1308 سٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں۔

یونیورسٹی ایم ایس/ایم فل کے پانچ پروگرام، 18 ڈگری پروگرام اور 21 ڈپلومے پیش کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سرکاری جامعات میں مالی نظم و ضبط، مالی خود انحصاری، تعلیمی معیار کی بہتری اور جدید تحقیق کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری جامعات کی ڈگریوں اور کورسز کو جدید مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ دی جائے اوریونیورسٹی سے فارغ ہونے والے طلباءکی جابز مارکیٹ میں کھپت کی شرح کو بہتر بنایا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کےلئے ترجیحات کا تعین کرنے اور بلاتاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس مقصد کےلئے درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔ مزید برآں انہوں نے گومل یونیورسٹی اور ایگریکلچر یونیورسٹی ڈی آئی خان کے مابین اثاثہ جات کی تقسیم کے مسئلے کے حل کےلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔