المناک ٹریفک حادثہ میں 11 افراد جاں بحق ہونے کا معاملہ، بس سٹینڈ سیل ،مقدمہ درج، مرحومین کی نماز جنازہ اور تدفین

منگل 8 اپریل 2025 23:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) المناک ٹریفک حادثہ میں 11 افراد جاں بحق ہونے کا معاملہ،مقامی انتظامیہ نے بس سٹینڈ سیل کردیا، بس مالک، سٹینڈ مینجر اور ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج، ڈرائیور گرفتار، سوگوار ماحول، مرحومین کی نماز جنازہ ادا اور تدفین کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ لاہور روڈ پر لنڈیانوالہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 11 افراد کے معاملہ پر مقامی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے لاری اڈا میں قائم سپر اتفاق بس سٹینڈ کو سیل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے نمبر دار رائے ریاض کی مدعیت میں بس مالک، سٹینڈ مینجر اور ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرکے ڈرائیور عمران کر گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ دوسری جانب مرحومین نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئی۔ایک ہی خاندان کے جنازے اٹھنے پر پورے گاؤں کی فضا سوگوار ہو گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی سماجی شخصیات، معززین علاقہ تاجر وکلاء صحافی برادری سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 9 بچوں 2 خواتین سمیت 11 افراد کو ایک دوسرے کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔