امریکی وزیر دفاع نے نیٹو میں تعینات سینئر خاتون فوجی افسر کو برطرف کر دیا

شوشنا چیٹ پینٹاگون میںفیلڈ وائس ایڈمرل کے عہدے پر فائزتھیں ‘ڈیموکریٹ قانون سازوں کی تنقید

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 اپریل 2025 14:16

امریکی وزیر دفاع نے نیٹو میں تعینات سینئر خاتون فوجی افسر کو برطرف ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل ۔2025 )امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے نیٹو میں تعینات سینئر خاتون فوجی افسر کو برطرف کر دیا ہے اور ان کی قیادت کی صلاحیت پر اعتماد کے فقدان کو برطرفی کی وجہ قرار دیا ہے امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائس ایڈمرل شوشنا چیٹ فیلڈ ان اعلیٰ افسران میں شامل ہیں جنہیں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے برطرف کیا ہے.

(جاری ہے)

وائس ایڈمرل شوشنا چیٹ فیلڈ کی برطرفی کو ٹرمپ انتظامیہ کے ہاتھوں اعلیٰ افسران کی برطرفی کے سلسلے کی کڑی قرار دیا جارہا ہے، جو کہ سینئر امریکی فوجی قیادت کی ایک غیر معمولی تبدیلی کا حصہ ہے پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایک بیان میں کہا کہ ہیگسیتھ نے چیٹ فیلڈ کو نیٹو کی فوجی کمیٹی میں امریکی نمائندے کے عہدے سے ہٹا دیا ہے کیونکہ ان کی قیادت کرنے کی صلاحیت پر اعتماد ختم ہو گیا ہے.

نیٹو بائیو گرافی کے مطابق چیٹ فیلڈ ایک تربیت یافتہ ہیلی کاپٹر پائلٹ ہیں جو اس سے قبل بحرالکاہل اور خلیج میں کیریئر اسٹرائیک گروپ اور ایمفیبیئس ریڈی گروپ آپریشنز میں خدمات انجام دے چکی ہیں وہ یورپ کے لیے سپریم اتحادی کمانڈر کی سینئر فوجی معاون بھی تھیں انہوں نے نیٹو کی فوجی کمیٹی میں نائب امریکی فوجی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں اور دیگر عہدوں کے علاوہ امریکی ایئر فورس اکیڈمی میں پولیٹیکل سائنس بھی پڑھاتی تھیں.

ڈیموکریٹک قانون سازوں نے ان کی برطرفی کی مذمت کی ہے ڈیموکریٹک نمائندے ایڈم اسمتھ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے اقدامات کی وجہ سے ہمارا ملک کم محفوظ ہے جبکہ سینیٹر جیک ریڈ نے کہا کہ یہ اقدام غیر منصفانہ اور شرمناک ہے دوسری جانب ”این بی سی نیوز“ کا کہنا ہے کہ امریکا یورپ سے 10 ہزار فوجی واپس بلا سکتا ہے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد 2022 میں ایسٹر کے موقع پر تقریباً 20 ہزار اضافی فوجی تعینات کیے گئے تھے صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے بار بار نیٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپ اپنے دفاع کی زیادہ ذمہ داری قبول کرے.