چوہدری شافع حسین کی یو ایم ٹی آمد، 9ویں دو روزہ بین الاقوامی ٹیکسٹائل کانفرنس کا افتتاح

بدھ 9 اپریل 2025 22:57

چوہدری شافع حسین کی یو ایم ٹی آمد، 9ویں دو روزہ بین الاقوامی ٹیکسٹائل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں 9ویں دو روزہ بین الاقوامی ٹیکسٹائل کانفرنس کا منعقد ہوئی جس کا اہتمام یو ایم ٹی سکول آف ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائلز نے کیا تھا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چوہدری شافع نے فیتا کاٹ کر کانفرنس کا افتتاح کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر روزگار کی فراہمی اور معشیت کے حوالے سے انتہائی اہم سیکٹر ہے۔حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے جس میں صنعتی یونٹس کیلئے حکومت عمارت بنا کر رینٹ پر دے گی۔

(جاری ہے)

گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور ٹیکنالوجی منتقل ہو گی اور یہاں متعدد غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کپاس کی پیداوار بڑھانا بے حد ضروری ہے۔کپاس کی کپاس کی پیداوار بڑھنے سے کاشتکاروں کو بھی فائیدہ ہوگا۔اس مقصد کیلئے حکومت سیڈ ڈویلپمنٹ پر بھی کام کررہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں، سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ شاندار کام کر رہی ہے۔کانفرنس میں ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر عابد شیروانی، ڈین ڈاکٹر ممتاز ملک، اسد شفیق، ڈاکٹر تنویر حسین،نعیم بٹ اور ڈاکٹر مدثر عباس سمیت طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں 300 قومی اور بین الاقوامی سکالرز و ریسرچرز نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس میں 40 ریسرچ پیپرز پیش کیے گئے۔ کانفرنس میں ٹیکسٹائل اور فیشن کی صنعت کے ماہرین نے بھی بھر پور شرکت کی۔ورچوئل پروڈکٹ ڈویلپمنٹ اور فائبر ری سائیکلنگ پر بھی سیشنز ہوئے۔آصف رضا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ ریکٹر یو ایم ٹی نے کہا کہ یو ایم ٹی مستقبل کے بہترین لیڈرز اور آنٹرپرینیورز پیدا کر رہی ہے۔

کانفرنس کے ذریعے صنعت کو درپیش مسائل اور چیلنجنز کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر عابد شیروانی نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتا ہے۔ہمارا ٹیکسٹائل سیکٹر سب سے زیادہ ملازمتیں اور ٹیکس دینے والا شعبہ ہے۔ ہمیں پاکستان کی ٹیکسٹائل پالیسی کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر عابد شیروانی اور ڈاکٹر آصف ڑصا نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کو سوینئر پیش کیا۔