دس ٹرینوں کو آئوٹ سورس کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا‘ حنیف عباسی

اراضی واگزار کرانے کیلئے دبائو میں نہیں آئیں گے،پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،وفاقی وزیر ریلوے

بدھ 9 اپریل 2025 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دس ٹرینوں کوآئوٹ سورس کرنے کے لئے پلان طلب کرلیا ہے ریلوے اراضی واگزار کرانے کے لئے دبائو میں نہیں آئیں گے،اراضی واگزار کروانے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے کے حوالے سے ہم نے ٹارگٹ طے کیے ہیں، فریٹ ٹرینوں کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے، مسافرٹرینوں کا ریونیو بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،جعفرایکسپریس پرجدید اسلحہ استعمال ہوا، دہشت گرد سیٹلائٹ کے ذریعے افغانستان میں رابطے میں تھے، پاکستان پہلا ملک ہے جہاں ہرکوئی ویزے کے بغیر آجاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جوغیرملکی غیرقانونی ہوگا اسے نکالیں گے، جعفرایکسپریس پر حملے کے روز ایک جماعت نے شادیانے بجائے، دہشت گرد جس کھڈ میں بھی ہوا اسے ماریں گے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعت کے رہنما جن کو منانے جا رہے ہیں، وہ نہیں مان رہے، جوکام دشمن نہیں کرسکا وہ ان لوگوں نے کیا، نومئی کو شہدا کا مذاق اڑایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی14سکول آئوٹ سورس کر رہے ہیں جبکہ 8ہسپتالوں سے متعلق روڈ شو منعقد کیا جائیگا، دس ٹرینوں کوآئوٹ سورس کرنے کے لیے پلان طلب کرلیا ہے، ریلوے کے تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، ہسپتالوں کی آئوٹ سورسنگ اور دیگر اقدامات سے سالانہ ڈیڑھ ارب کی بچت ہوگی، ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کے لئے کسی دبائو میں نہیں آئیں گے۔اراضی واگزار کروانے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ لاہور اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشنز کی از سر نو آرائش کی جارہی ہے۔