وساکھی میلے پرآئے سکھ یاتریوں اور کرکٹ میچز کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں گے،سی سی پی او

بدھ 9 اپریل 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی و اہداف کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

سی سی پی اولاہور نے وساکھی میلے پردنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں اور کرکٹ میچز کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران سکیورٹی پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس بچوں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے سرگرم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اوربس اڈوں پراشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیئے جائیں۔سی سی پی او لاہور نے کرائم اگینسٹ پراپرٹی خصوصا رابری اور سنیچنگ کی روک تھام کیلئے موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دیں،مثالی ٹیم ورک سے مقدمات نمٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپر وائزری افسران جرائم کی روک تھام کیلئے ماتحت سٹاف سے فیڈ بیک لیں۔بلال صدیق کمیانہ نے ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے بھی موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور، ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا،ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال،ماڈل ٹان اورکینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔