مودی حکومت آئینی اقداراور آئینی اداروں پر مسلسل حملہ آور ہے ، ملکارجن کھڑگے

بدھ 9 اپریل 2025 21:50

احمدآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ11سال سے اقتدار پر قابض بی جے پی آئینی اقداراور آئینی اداروں پر مسلسل حملہ آور ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکاارجن کھڑگے نے احمد آباد میں کانگریس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت غیر جمہوری طریقے سے ملک چلا رہی ہے ۔

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی جی کو بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں یہ انتہائی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں امریکی ٹیرف، ای وی ایم اوردیگر امور پر مودی حکومت پر تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت آمرانہ طورپر ملک چلا رہی ہے ۔ اس کے خلاف ہمیں آواز اٹھانی ہو گی کیونکہ آج جو ہو رہا ہے ویسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی نے ایسے طریقے ایجاد کر لیے ہیں جس سے صرف اسے ہی فائدہ ہوتا ہے لیکن مستقبل میں بھارت کے نوجوان اٹھ کھڑے ہوں گے اور کہیں گے کہ ای وی ایم نہیں چاہیے۔امریکی ٹیرف کے معاملے پربات کرتے ہوئے کانگریس کے صدر نے کہاکہ مودی حکومت اس سنگین معاملے پرپارلیمنٹ میں بحث کرانے سے گریز کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایاتاہم حکومت نے اس پر کوئی بحث نہیں ہونے دی۔ملکارجن کھڑگے نے منی پور کی سنگین صورتحال پر بھی مودی حکومت کی مذمت کی اور کہاکہ بی جے پی حکومت عوام سے اپنی ناکامی چھپارہی ہے ۔