مظفرآباد ڈویژن کے ممبران اسمبلی نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاریہ استحصال کے خاتمہ اور منصفانہ ازالہ کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں،زاہد امین

جمعرات 10 اپریل 2025 17:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)چیئرمین مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ فائونڈیشن زاہد امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے گیارہ ممبران اسمبلی نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاریہ استحصال کے خاتمہ اور منصفانہ ازالہ کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں، بدقسمتی سے منتخب ممبران اسمبلی اور بلدیاتی اراکین نے نئے ریاستی بجٹ اور اسلام آباد میں واٹر باڈیز کی موجودہ صورتحال سے خود کو الگ تھلگ کر رکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ انوار سرکار نے جاریہ ترقیاتی سال میں کیپیٹل سٹی کے ترقیاتی سیکٹر کے ساتھ سنگین ناانصافی کی ہے، گیارہ ممبران اسمبلی کی موجودگی میں دارالحکومت کا ترقیاتی قتل سنگین المیہ ہے ، انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کی بلدیاتی قیادت نامکمل بنیادی شہری انفراسٹریکچر کی تکمیل پر توجہ دے ، انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں اور نظریات سے تعلق رکھنے والے حق پرست لوگوں کو بھی نئے ترقیاتی بجٹ کے نظر انداز شدہ منصوبوں کی شمولیت پر توجہ دینی چاہیے، انہوں نے کہا کہ منسوخ شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکج اور دیگر اہم شہری منصوبہ جات کی بحالی کے بغیر روزمرہ کی شہری زندگی میں بہتری نہیں لائی جا سکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ جولائی 2021 کے بعد کی تینوں حکومتوں نے ماسٹر پلان اور ایم سی ڈی پی کے بقایا منصوبوں کو مکمل نظر انداز کر رکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ نلوچھی جوڈیشل کمپلیکس کے ساتھ دائیں کنارے کی سڑک از نلوچھی تا شوکت لائنیز ماسٹر پلان اور ایم سی ڈی پی کا اہم منصوبہ ہے ، وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے چھ ماہ قبل مرتب شدہ ترقیاتی سکیم کو مسترد کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ انوار سرکار کے متعصبانہ اقدام نے نلوچھی ، گوجرہ کو نئے عذاب کے سپرد کر دیا ہے ۔