کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں رفتار سے ترقیاتی کام کرانا اولین ترجیح ہے، بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

جمعرات 10 اپریل 2025 18:33

کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں رفتار سے ترقیاتی کام کرانا اولین ترجیح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں رفتار سے ترقیاتی کام کرانا اولین ترجیح ہے، ضلع کیماڑی میں مزید ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں، پاکستان پیپلزپارٹی شہر کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے بلدیاتی نمائندوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور ان کی مشاورت سے جامع حکمت عملی ترتیب دینا چاہتے ہیں جس سے ترقیاتی عمل کو بھرپور بنا کر مختلف علاقوں میں شہریوں کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے راہ ہموار کی جاسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں ضلع کیماڑی میں ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کے حوالے سے منگھو پیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی علی نواز بروہی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں اور دیگر منتخب اراکین کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے میئر کراچی کو آگاہ کیا اور ان کے جلد از جلد حل پر زور دیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کیماڑی خصوصاً منگھوپیر ٹاؤن کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیمیں دینے اور علاقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہر کے وسیع تر مفاد میں مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اس حوالے سے ہرممکن تعاون کرنے کو تیار ہے اور اس حوالے سے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں لہٰذا آئیں اور شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ شہر میں تعمیر و ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔