بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری

جمعرات 10 اپریل 2025 18:45

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ادھم پور، کشتواڑ اور سانبا اضلاع میں آج بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے آج دوسرے روز بھی ضلع ادھم پور کے دیہات جوفر اور مارتا میں تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

ضلع کشتواڑ کے علاقے چترو میں بھی دوسرے روز تلاشی آپریشن جاری رہا۔ضلع سانبا کے علاقے بلولے کھڈ میں چھاپے کے دوران ایک حملے میں بھارتی پولیس کے ایک ایس ایچ اوسمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے تحریک حریت جموںوکشمیر کے نظر بند رہنما بشیر احمد بٹ کے گھر پر پلوامہ میں چھاپہ مارا۔ پولیس نے تنظیم کے ایک اور رہنما محمد اشرف لایا کے گھر پر بھی سرینگر میں چھاپہ مارا ۔

(جاری ہے)

چھاپوں کے دوران اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا اور اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں فورسز کے وحشیانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم وجبر کے ہتھکنڈوں کے ذریعے حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق نے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے بارے میں متحدہ مجلس علماءکے ایک اہم اجلاس پر پابندی کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے نتظامیہ کے اقدام پر ” ایکس “پر اپنے ردعمل میں کہا” مسلم مذہبی رہنمائوں کوکمیونٹی کے لیے سنگین تشویش کے حامل معاملات پر غور وخوض سے روکنا انتہائی افسوسناک اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے“۔ ادھر دہلی ہائی کورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمانعیم احمد خان کی ایک جھوٹے مقدمے میں درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔ جسٹس نوین چاولہ اور شلندر کور پر مشتمل ہائیکورٹ کی دو رکنی بنچ نے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف نعیم احمد خان کی اپیل مسترد کی۔نعیم احمد خان جولائی 2017سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔