Live Updates

رضوان نے شکست کا ملبہ سلیکشن کمیٹی پر ڈال دیا، بابر کا محتاط رویہ

جمعرات 10 اپریل 2025 20:39

رضوان نے شکست کا ملبہ سلیکشن کمیٹی پر ڈال دیا، بابر کا محتاط رویہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کیکپتان محمد رضوان نے پے در پے شکستوں کاسارا ملبہ سلیکشن کمیٹی پرڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سب کومعلوم ہے سلیکشن کمیٹی چیزیں کنٹرول کر رہی ہے، کوچ،کپتان اور کمیٹی اپنی اپنی ذمہ داریوں کے لیے جواب دہ ہیں جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے سب کے سامنے ڈھنڈورا پیٹنے سے انکار کردیا۔

پی ایس ایل کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے شکست کی ذمے داری سے متعلق سوال پر کہا کہ سارے اختیارات سلیکشن کمیٹی کے پاس ہیں، سلیکشن کمیٹی سب کے سامنے آکر اس بات کا اعتراف کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ سلیکشن کمیٹی چیزیں کنٹرول کر رہی ہے، کوچز، کپتان اور سلیکشن کمیٹی اپنی اپنی ذمہ داریوں کے لیے چیئرمین پی سی بی کو جواب دہ ہیں۔

(جاری ہے)

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، پی ایس ایل کی ٹرافی جو بھی جیتے وہ پاکستان کی جیت ہوگی، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک الگ ٹورنامنٹ ہے، جس کا پریشر بھی الگ ہوتا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے سب کے سامنے ٹیم مینجمنٹ کی عزت اچھالنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سب کے سامنے ڈھنڈورا نہیں پیٹتا، جسے بھی مشورہ دینا ہو بند کمرے میں دیتاہوں۔

بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہر فرنچائز بہترین اسکواڈ بنانے کی کوشش کرتی ہے، پشاور زلمی نے بیٹنگ اور باؤلنگ کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے خراب پرفارمنس کی ذمہ داری قبول کرلی، انہوں نے کہاکہ جس طرح بلے بازوں کی طرح بالرز کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ 200 رنز نہ کھائیں اور اگر ٹیم 200 رنز بنائے تو ہماری ذمہ داری ہے کہ وہ آسانی سے چیس نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی ٹیم ہیں، ایک ہی خاندان ہیں، اگر کچھ وقت سے کرکٹ زوال کا شکار ہے اور ہماری ہی وجہ سے ہے تو ہم ہی اس کرکٹ کو اوپر لے کر آئیں گے۔کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا کہ ہم میدان میں صورتحال کے حساب سے کھیلتے ہیں، کمنٹری باکس میں بیٹھ کر باتیں کرنا آسان ہے، میدان ان پر عمل کرنا مشکل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس بار کراچی کے لیے اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ امید ہے شائقین کو پی ایس ایل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات