پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، احسن اقبال

جمعرات 10 اپریل 2025 22:49

پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، احسن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،ہمارا امتحان یہی ہے کہ اڑانِ پاکستان کے تحت اہداف حاصل کیے جائیں،پلاننگ کمیشن میں بھرتیوں کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اب ہمارے پاس ایک مضبوط اور پروفیشنل ٹیم موجود ہے۔

وفاقی وزیر کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی میں کام کرنے والے ممبرز،کنسلٹنٹس اور ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز کا تعارفی اجلاس ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئیانہوں نے نئے شامل ہونے والے تمام ممبران کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن ملک کے ایک اہم تھنک ٹینک کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے جس نے ہمیشہ حکومت کو ایک بہتر مستقبل کا وڑن اور روڈ میپ فراہم کیا ہے، پلاننگ کمیشن میں بھرتیوں کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اب ہمارے پاس ایک مضبوط اور پروفیشنل ٹیم موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سے ٹیلنٹڈ نوجوانوں نے پلاننگ کمیشن کا حصہ بن کر قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کا عزم کیا ہے، پاکستان کی کسی وزارت کے پاس اتنی بڑی ہیومن ریسورس موجود نہیں، اس ٹیلنٹ کو پروڈکٹیو کاموں میں لگانا ہوگا، اب نئی سوچ، نئے آئیڈیاز اور نئے وڑن کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ادراک ہے کہ جگہ کی کمی ہے، اس مسئلے کے حل پر وزارت کام کر رہی ہے، تمام شامل ہونے والے پروفیشنلز اپنے اپنے شعبے کے بہترین ماہرین ہیں، ہر فرد سفارش سے بالاتر ہو کر اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر منتخب ہوا ہے، سیاسی نظریات سے قطع نظر، تمام بھرتیاں خالصتاً میرٹ پر کی گئی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ یہ آپ سب کے لئے موقع ہے کہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کی ترقی میں عملی کردار ادا کریں، پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لیے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ’’اڑانِ پاکستان‘‘ میں ملک کی معاشی ترقی کے لیے مکمل روڈ میپ موجود ہے، ہر شعبے کے مطابق پالیسی اور لائحہ عمل تیار ہے، اب صرف عملدرآمد کی ضرورت ہے، ہمیں بھی جواب دہ ہونا ہوگا کہ بھرتی کیے گئے پروفیشنلز نے کیا کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا امتحان یہی ہے کہ اڑان پاکستان کے تحت اہداف حاصل کیے جائیں، نئی ٹیم بہترین ہے، اب اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا، اگر آپ کے پاس تجاویز ہوں تو شیئر کریں، بہترین ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔اس موقع پر سیکرٹری اویس منظور سمرا نے کہا کہ ہمیں جگہ کی قلت کا سامنا ہے، اس کا حل نکالا جا رہا ہے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔