Live Updates

مون سون کا تاریخی سپیل، لاہور میں تقریباً 8 گھنٹے لگاتار بارش کا نیا ریکارڈ بن گیا

نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر اور اقبال ٹاؤن میں 175 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 11:48

مون سون کا تاریخی سپیل، لاہور میں تقریباً 8 گھنٹے لگاتار بارش کا نیا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مون سون کے تاریخی سپیل کے دوران تقریباً 8 گھنٹے لگاتار بارش کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں صبح 4 سے 5 بجے سے جاری موسلادھار بارش کے دوران نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر اور اقبال ٹاؤن ڈویژن اور پانی والا تالاب کے علاقوں میں 175 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ شہر میں اوسطاً 136 ملی میٹر کا نیا ریکارڈ بن گیا، اس دوران واسا اور دیگرمتعلقہ ادارے پوری طرح متحرک اور سرگرم عمل رہے اور تاحال زیر آب آنے والے علاقوں سے پانی کا نکاس جاری ہے، واسا کی ٹیمیں اور افسران فیلڈ میں موجود ہیں تاہم بجلی کی بار بار بندش سے نکاسی آب میں رکاوٹ کا سامنا ہے جسے دور کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقوں لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، کینال روڈ، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، بارش سے شہر میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بتایا جارہا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اور ادارے مشینری سمیت عملے کو تیار رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور چوکنگ پوائنٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات