لاہور پولیس کی کرائم کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری،تین رکنی ڈکیت و سنیچر گروپ گرفتار، اسلحہ،موبائلز و نقدی برآمد

جمعہ 11 اپریل 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی قیادت میں لاہور پولیس کی سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق شادمان پولیس نے 3 رکنی ڈکیت و سنیچر گروپ گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں جابر،کاشف اور خالد شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے 3 موبائلز، نقدی اور 2 پستول و گولیاں برآمد ہوئے،ملزمان سے کوٹ لکھپت،گارڈن ٹائون اور لیاقت آباد سے چوری ہونے والی3 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، ملزمان کو مزید کارروائی کیلئے AVLSونگ کے حوالے کر دیا گیا۔

اسی طرح سبزہ زار پولیس نے بھی گندے نالے والی گرائونڈ سے واردات کی نیت سے بیٹھے دو ڈاکو پکڑ لئے،گرفتار ملزمان میں طاہر اور اجمل شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے ہزاروں روپے نقدی،02 عدد پستول،30 بور بمہ گولیاں برآمدکی گئیں۔

(جاری ہے)

کاہنہ پولیس نے رنگ روڈ بلاک کرکے اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ میں ملوث کار سوار 13لڑکوں کوگرفتار کر لیا، نوجوان لڑکے گاڑیوں میں سوار ہوکر اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے،ملزمان فائرنگ کرنے کی وڈیو بھی بناتے رہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔

اسی طرح شاد باغ پولیس نے بھی سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے 02 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کی شناخت داد اور سبحان کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا،گرفتار ملزمان نے اسلحہ تھامے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ مناواں پولیس نے بھی منشیات فروش بابر یونس کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضہ سے لاکھوں مالیت کی 04 کلو سے زائد چرس، پستول اور گولیاں برآمدکی گئیں، ملزم نے پشاور سے بذریعہ ان لائن منشیات منگواکر لاہور کے مختلف علاقوں میں منشیات بیچنے کا اعتراف کیا۔

اسی طرح ڈولفن سکواڈنے ٹبی سٹی کے علاقے میں واردات کی نیت سے شہریوں کی ریکی کرنے والے ملزم کواسلحہ سمیت گرفتارکر لیا، ملزم کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی، ملزم کے قبضہ سے 01 پستول، گولیاں و میگزین برآمدکی گئیں،گرفتارملزم 36 سے زائد چوری، ڈکیتی و گینگز کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مصری شاہ کے علاقے سے بھی دورانِ سنیپ چیکنگ ڈولفن سکواڈ نے 2 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا، ملزمان کی شناخت امتیاز اور عاصم کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے قبضہ سے پستول، موٹر سائیکل اورچھینا گیا موبائل برآمدکر لیا گیا، ملزمان کے خلاف چوری،ڈکیتی و دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔