اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال كا ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 11 اپریل 2025 16:33

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے حوالے سے اجلاس كا انعقاد كیا ہے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر اور سپروائزرز اپنی سروسزکو مزید بہتر کریں، سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اس سلسلے میں یوسی وائز رپورٹ مرتب کرے تاکہ پتہ چل سکے کہ کس جگہ پر کتنی ہیومن ریسورس، مشینری فیلڈ میں موجود ہیں۔

انہوں نے كہا كہ تمام سپروائزر اپنی یونین کونسل میں اپنی سربراہی میں اس عوامی مفاد کے جامع پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے کام کریں اور وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف كی مہم ستھرا پنجاب كے تحت روزانہ كی بنیاد پر جاری ركھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے عوام الناس سے گزارش کی کہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، کچرا مخصوص کوڑے دانوں یا جگہوں میں پھینکیں، اپنے گلی اور محلوں کی صاف ستھرائی کا خیال رکھیں۔

انہوں نے كہا كہ عوامی مقامات میں کچرے کی اطلاع اپنے متعلقہ فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر، سپروائزر اور دیگر متعلقہ افسران کودیں تاکہ انتظامیہ اس پر بروقت ایکشن لے سکے۔ آخر میں انہوں نے كہا كہ آئیے ہم سب مل کر اور اپنی اجتماعی ذمہ داری نبھا کر سمبڑیال کو صاف ستھرا رکھیں۔