یونیورسٹی آف سرگودھا اور بینگور یونیورسٹی برطانیہ کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

جمعہ 11 اپریل 2025 17:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا نے عالمی سطح پر تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کی معروف درسگاہ بینگور یونیورسٹی (بی یو) کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت بزنس سٹڈیز کے شعبے میں طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ تعلیمی پروگرامز کا آغاز ممکن ہو سکے گا۔

یونیورسٹی آف سرگودھا، پاکستان کی دوسری یونیورسٹی ہے جس نے بینگو ریونیورسٹی کے ساتھ باضابطہ طور پر روابط استوار کیے ہیں۔معاہدے پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر اور بینگو یونیورسٹی کی ڈائریکٹر گلوبل انگیجمنٹ سرجین مونپل نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا، پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور بینگور یونیورسٹی کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ جاوید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سرگودھا یونیورسٹی کے اہل طلبہ اپنی انڈرگریجویٹ بزنس ڈگری کے دو یا تین سال مکمل کرنے کے بعد بینگور یونیورسٹی میں منتقل ہو سکیں گے، جہاں انہیں وہی ڈگری دی جائے گی جو برطانیہ میں دی جاتی ہے۔ دونوں جامعات مستقبل میں اس تعاون کو دیگر شعبہ جات، فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں تک توسیع دینے پر بھی متفق ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس معاہدے کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف ہمارے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور ثقافتی ہم آہنگی کا موقع فراہم کرے گا بلکہ ہماری درسگاہ کی عالمی سطح پر پہچان بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ دنیا کے بڑے تعلیمی نیٹ ورکس کا حصہ بنیں، جدید رجحانات سے آشنا ہوں اور تحقیق، تربیت اور عملی زندگی میں بین الاقوامی معیار تک رسائی حاصل کریں۔

اس اشتراک سے ہمارے فیکلٹی ممبران کے لیے بھی دنیا کی بہترین جامعات کے ساتھ مل کر تحقیقی و تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی راہ ہموار ہو گی۔بینگور یونیورسٹی کی نمائندہ سرجین مونپل نے سرگودھا یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یونیورسٹی آف سرگودھا کے باصلاحیت طلبہ کو بینگور یونیورسٹی کے متنوع تعلیمی ماحول میں خوش آمدید کہنے کا بے حد انتظار ہے۔