اے این ایف کی کارروائیاں ، 49لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد ،5ملزمان گرفتار

برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے بھنگ کا تیل، ویڈ برآمد،دوحا جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے ایک کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی

جمعہ 11 اپریل 2025 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے مختلف کاروائیوں میں 49لاکھ سے زائد مالیت کی 11.021کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5ملزمان گرفتار کر لیے گئے ۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی میں کوریئیر دفتر میں برطانیہ سے موصول ہونے والے پارسل سے 37گرام بھنگ کا آئل اور 150گرام ویڈ برآمد ہوئی۔کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل سے 250گرام افیون جبکہ راولپنڈی میں برطانیہ سے کوریئر دفتر میں موصول ہونے والے پارسل سے 37گرام بھنگ کا آئل اور 150گرام ویڈ برآمد ہوئی۔

انسداد منشیات کی دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1.184کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

کوہاٹ روڈ اسلام آباد پر ہاسنگ سوسائٹی کے قریب خاتون کے قبضے سے 3.4کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ سیالکوٹ میں ایک شخص کے قبضے سے 1.5کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ مانسہرہ میں کے کے ایچ روڈ کے قریب ملزم سے 500گرام چرس برآمد ہوئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق حیدرآباد میں گڈو چوک کے قریب ملزم سے 4کلو چرس برآمد ہوئی۔ مجموعی طور پر مختلف کارروائیوں میں 49لاکھ سے زائد مالیت کی 11.021 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔