خرم شیرزمان کی الیکشن پٹیشن دوسرے ٹریبونل منتقلی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن اور دیگر وکلا سے دلائل طلب

جمعہ 11 اپریل 2025 18:05

خرم شیرزمان کی الیکشن پٹیشن دوسرے ٹریبونل منتقلی کیخلاف درخواست پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء) سند ھ ہائی کورٹ نے خرم شیر زمان کی الیکشن پٹیشن دوسرے ٹریبونل منتقلی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن اور دیگر وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 8مئی تک ملتوی کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں خرم شیر زمان کی الیکشن پٹیشن دوسرے ٹریبونل منتقلی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن ٹریبونل کے قیام کے طریقہ کار میں ترمیم کے بارے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کہاں ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن ٹریبونلز کو ریگولیٹ کرنا ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے ہم یہ دیکھیں گے کہ یہ معاملہ ہمارے دائرہ اختیار میں آتا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

ٹریبونلز کا قیام چیف جسٹس ہائیکورٹس کی مشاورت سے کیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن ہائی کورٹ کے انتظامی دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ الیکشن ٹریبونل کے قیام سے قبل عدالت مداخلت نہیں کرتی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن نے ٹریبونل کے قیام کے بعد متوازی فیصلہ جاری کیا۔

ہمارے پاس اس معاملے میں کوئی متبادل آپشن نہیں ہے۔ الیکشن ٹریبونل کی منتقل الیکشن پراسس کا حصہ نہیں، اس لئے عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ججز کو پسند نا پسند کی بنیاد پر منتخب کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے۔ ججز پر اعتماد ہونا چاہیئے ورنہ یہ سسٹم نہیں چلے گا۔ اب نیا طریقہ شروع ہوگیا ہے جج کیخلاف ریفرنس فائل کرکے رجسٹرار کو کہا جاتا جاتا ہے ہمارے کیسز اس جج کے سامنے نا لگائے جائیں۔

درخواست گزار کے وکیل محمد علی لاکھانی ایڈووکیٹ کے دلائل مکمل کرلیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن اور دیگر وکلاسے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی۔ خرم شیر زمان نے الیکشن پٹیشن کی دوسرے ٹریبونل منتقلی کیخلاف درخواست دائر کی ہے۔