سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا بانی چیئرمین نامزد ہونے پر مبارکباد

جمعہ 11 اپریل 2025 19:09

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو انٹر-پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ ایک عالمی سطح کے بین الپارلیمانی فورم کی قیادت پاکستان کو سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا یہ انتخاب نہ صرف ان کی پارلیمانی بصیرت، تدبر اور قیادت پر عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین سینیٹ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے اس بین الاقوامی فورم کو موثر پلیٹ فارم میں تبدیل کریں گے جو عالمی پارلیمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مشترکہ مسائل کے حل کی راہیں ہموار کرے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا بطور انٹر-پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین نامزد ہونے سے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید مستحکم ہو گا۔ یہ تقرری دنیا بھر میں پاکستان کے جمہوری عمل، پارلیمانی سفارتکاری اور عالمی تعاون میں فعال شرکت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اعلی سطحی کامیابیوں سے دنیا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، ترقی پسند اور جمہوری ملک ہے، جو عالمی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔