پاکستان ۔ ازبکستان کا باہمی سیاحتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعہ 11 اپریل 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں باہمی سیاحتی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان پی ٹی ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ازبکستان کے سیاحت کی کمیٹی کے چیئرمین امید شادیف، پاکستان میں ازبک سفیر، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے حکام اور سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مختلف عملی تجاویز پر غور کیا گیا جن میں مشترکہ ثقافتی میلوں کا انعقاد، نوجوانوں اور میڈیا کے تبادلے، ویزا سہولت میں آسانی، براہ راست پروازوں کا اجراء اور مشترکہ مارکیٹنگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک قدیم شاہراہ ریشم کی مشترکہ وراثت سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر کے ہم خیر سگالی کے سفیر بنتے ہیں اور امن، اشتراک اور خوشحالی کا مستقبل تعمیر کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک میں سیاحت کے بے پناہ امکانات پر روشنی ڈالی جن میں ازبکستان کے تاریخی شہر سمرقند، بخارا اور خیوا اور پاکستان کے قدرتی اور تاریخی مقامات گلگت بلتستان، چترال، سوات، موہنجوڈارو اور لاہور کا شاہی قلعہ شامل ہیں، سیاحت کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس موقع پر ازبکستان کے چیئرمین سیاحت کمیٹی امید شادیف نے سیاحت کے تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کو صرف ایک ہمسایہ نہیں بلکہ ایک معتبر دوست کے طور پر دیکھتا ہے جس کے ساتھ ہماری گہرے تاریخی تعلقات ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیاحت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنایا جائے گا تاکہ اقتصادی ترقی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :