Live Updates

عمران خان کی رہائی، آئینی و قانون بالادستی اور عوامی حقوق کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے، حلیم عادل شیخ

بدھ 16 جولائی 2025 17:04

عمران خان کی رہائی، آئینی و قانون بالادستی اور عوامی حقوق کیلئے ہماری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے عادل ہائوس پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سرپرست اعلی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک بار پھر موت کی کوٹھڑی میں تنہائی کا نشانہ بنایا گیا ہے، ان سے کتابیں، اخبارات، اہل خانہ سے بات چیت، قانونی مشاورت، اور ذاتی ڈاکٹروں کی سہولت تک چھین لی گئی ہے، جو نہ صرف غیر انسانی بلکہ آئین و قانون کے سراسر منافی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 711 دن سے عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے ان پر اور ان کی اہلیہ بشری بیبی پر جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی گئی ہے عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتوں کے تمام احکامات کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے، اور صحافیوں کو عمران خان سے ملنے سے روک کر ریاستی جبر اور فاشزم کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 22 گھنٹے روزانہ ایک چھوٹی سی کوٹھڑی میں بند رکھا جاتا ہے، جس کا مقصد صرف ان کا ذہنی و جسمانی استحصال ہے۔ یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر ٹوڑا جاسکے مگر وہ اپنے مقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اس ملک و قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے واضح کیا کہ پارٹی کی حقیقی آزادی کی تحریک بھرپور انداز میں جاری ہے، جو 5 اگست کو عوامی حمایت سے اپنے عروج پر پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوامی تحریک عمران خان کی رہائی ،آئین کی بحالی، جمہوریت کے تحفظ اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد ہے۔حلیم عادل شیخ نے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات کی تاریکی میں اضافے سے عوام پر معاشی بم گرایا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے سے زائد اضافہ عوام دشمنی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام شہری کو خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیا ہے۔انہوں نے چینی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے چینی برآمد کر کے مصنوعی قلت پیدا کی، جس کے بعد چینی مافیا نے 92 ارب کا منافع کمایا اور اب درآمد کے نام پر مزید 72 ارب عوام کی جیب سے نکالے جا رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا 200 روپے فی کلو چینی ملنا نااہل حکمرانی کی بدترین مثال ہے، ۔

حکومت چینی مافیا کو نوازنے میں مصروف ہے جبکہ عوام آٹے، چینی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کے نام سامنے لائے جائیں اور ان کے خلاف عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔آخر میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جعلی اسمبلیوں کا تماشا بند کیا جائے اور چوری شدہ مینڈیٹ واپس عوام کو دیا جائے۔ اقتدار عوامی نمائندوں کے حوالے کیا جائے اور پاکستان کو فسطائیت نہیں بلکہ آئین کے مطابق چلایا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات