پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والوں کو انعام ملے گا، پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل 2025 منظور

بدھ 16 جولائی 2025 17:09

پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والوں کو انعام ملے گا، پراپرٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع پر انعام ملے گا، پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پنجاب اربن امموویبل پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958ء میں وسل بلوور سے متعلق بڑی ترمیم منظورکثرت رائے سے منظور کر لی ۔بل کے مطابق پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں کو انعام دیا جائے گا، خفیہ پراپرٹی ٹیکس چوری کی ایکسائز افسر کھوج لگائے گا تو اسے بھی کارگردگی بنیاد پر انعامی رقم ملے گی۔

ٹیکس چوری، بدعنوانی یا کرپشن کی اطلاع دینے والا شخص ’’وسل بلوورکہلائے گا،وسل بلوور کو فراہم کردہ معلومات پر ٹیکس یا جرمانہ وصول ہونے کی صورت میں انعام دیا جائے گا۔ بل کے مطابق انعامی رقم ٹیکس چوری کے مقدمے میں لگنے والے جرمانے سے ادا کی جائے گی، انعام اسی صورت دیا جائے گا جب معلومات سے ٹیکس یا جرمانہ وصول ہو،، حکومت وسل بلوور کے لیے انعامی اسکیم کا طریقہ کار اور تناسب بھی مقرر کرے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے افسران کو بھی ٹیکس چوری پکڑنے پر انعام ملے گا، افسران کو انعام ٹیکس وصولی کے بعد اور کارکردگی کی بنیاد پر دیا جائے گا، کلیکٹر ٹیکس چوری یا چھپانے کی صورت میں متعلقہ ذمہ دار افسر کا تعین کرے گا، حکومت افسران کے انعام کے لیے انفرادی یا اجتماعی کارکردگی کی بنیاد پر طریقہ کار طے کرے گی۔ ترمیمی بل کا مقصد شفافیت، احتساب اور شہری شمولیت کو فروغ دینا ہے، بل کے تحت خود تشخیصی نظام کے غلط استعمال پر نظر رکھنے کے لیے انعامی اسکیم متعارف، فنانس ایکٹ 2024ء کے تحت جائیداد ٹیکس کی بنیاد کرایہ کی بجائے ڈی سی ویلیو پر منتقل کی گئی، ترمیم شدہ قانون سے جائیدادوں کی جانچ سادہ، تیز اور غلط بیانی سے پاک ہو گی، بل کے تحت ٹیکس رپورٹنگ، جانچ، اور وصولی کا عمل مزید موثر بنایا گیا ہے، ایف بی آر اور کسٹمز کی طرز پر پراپرٹی ٹیکس میں بھی انعامی اسکیم کا نفاذ، وسل بلوور قانون سے عوام کو ٹیکس نظام میں نگرانی اور شمولیت کا اختیار حاصل ہو گا،پنجاب اربن امموویبل پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل 2025ء آئندہ اجلاس سے منظور کیا جائے گا۔