مولانا حامد الحق شہید کی شہادت صرف پاکستان کا نہیں پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے،ڈاکٹر ناجی زھیر

غزہ فلسطین میں ہونے والے اندوہناک مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے ،مولانا عبدالحق ثانی فلسطینی تنظیم حماس کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر ناجی زھیر کی اکوڑہ خٹک میں مولانا حامد الحق شہید کی تعزیت اور یکجہتی فلسطین سیمینار سے خطاب

جمعہ 11 اپریل 2025 21:50

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ''یکجہتی فلسطین ''سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے پاکستان میں فلسطینی تنظیم حماس کے نمائندے ڈاکٹر ناجی زھیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا حامد الحق شہید کی شہادت صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے،مولانا حامد الحق شہید اور مولانا سمیع الحق شہیدنے ساری زندگی فلسطین کا ز کے لئے جدوجہد کی۔

ان کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔مولانا حامد الحق شہید کی شہادت کا غم صرف پاکستانی جغرافیائی حدود میں محسوس نہیں کیا گیا بلکہ اس غم میں پوری دنیا کے مسلمان شریک ہیں۔مولانا حامد الحق شہید کے ساتھ میرا دیرینہ تعلق رہا ہے، ان کی فلسطین کاز اور مظلوم فلسطینیوں کی ہرمحاذ پر حمایت کا میں شاہد ہوں۔

(جاری ہے)

سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد الحق شہید کے جانشین اور جمعیت علمائ اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم ناقابل برداشت ہیں،مظلوم فلسطینیوں کی حالت زار اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، مولانا حامد الحق شہید کا گناہ بھی مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنا تھا، مولانا عبدالحق ثانی نے حماس کے رہنما ڈاکٹر زھیر ناجی کا شکریہ ادا کیا اوران کو اس بات کا یقین دلایا کہ ہماری جماعت جمعیت علمائے اسلام (س) مظلوم فلسطینیوں کی حمایت آخر تک جاری رکھے گی۔

حماس رہنما نے حماس کے مرکزی قائدین بالخصوص خالد مشعل کی جانب سے مولانا حامد الحق شہید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی اور خالد مشعل کی جانب سے کھجوروں کا تحفہ مولانا عبدالحق ثانی کو پیش کیا۔ سیمنیار سے جمعیت علمائ اسلام (س) کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ ،مولانا عرفان الحق حقانی، مولانا خزیمہ سمیع، مولانا اسامہ سمیع نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے موقع پر قائدین نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ بعدازاں رہنماؤں نے مولانا حامد الحق شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔