پی ایس ایل بمقابلہ آئی پی ایل، بھارتی فینز کم تنخواہ پر پاکستان لیگ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر کا مذاق اُڑانے لگے

کراچی کنگز نے آسٹریلین بیٹر کو پلیٹینم کٹیگری میں 3 لاکھ ڈالر (8 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زائد) کے معاوضے کے ساتھ اپنی ٹیم میں شامل کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 اپریل 2025 14:26

پی ایس ایل بمقابلہ آئی پی ایل، بھارتی فینز کم تنخواہ پر پاکستان لیگ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اپریل 2025ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے مہنگے ترین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کی آئی پی ایل سے تنخواہ کا موازنہ کیا جانے لگا۔ 
38 سالہ ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی بطور کپتان نمائندگی کریں گے، وہ رواں سیزن میں لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

 
کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو پلیٹینم کٹیگری میں 3 لاکھ ڈالر (8 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زائد) کے معاوضے کے ساتھ اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ 
تاہم آئی پی ایل کے سیزن 2024ء میں انہیں 6.25 کروڑ بھارتی روپے (20 کروڑ 31 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں دہلی کیپیٹلز نے اپنے سکواڈ کا حصہ بنایا تھا، جو پی ایس ایل کے مقابلے ان کی دوگنی تنخواہ ہے۔

(جاری ہے)

 
ڈیوڈ وارنر کیرئیر کے عروج یعنی 2019ء سے 2021ء کے دوران 12.5 کروڑ بھارتی روپوں (40 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فی سیزن بھی کھیل چکے ہیں۔ 
آسٹریلوی کرکٹر نے آئی پی ایل کیرئیر میں 184 میچز میں 6565 رنز بنائے جس میں ان کی اوسط 36.63 رہی جبکہ سٹرائیک ریٹ 140.5 رہا، جس میں 4 سنچریاں اور 60 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ 
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے کپتان کی آئی پی ایل کے مقابلے کم سیلری پر انہیں بھارتی فینز کی جانب سے طعنے دیے جارہے ہیں۔