صارفین کے مسائل کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے ،چیف ایگزیکٹو فیسکو

ہفتہ 12 اپریل 2025 15:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمدعامرنے کہاہے کہ صارفین کے مسائل کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔فیسکو ریجن میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل سپلائی اور ان کوبہترین خدمات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات بروئے کا رلائے جارہے ہیں جبکہ نئے کنکنشزکی تنصیب،خراب میٹرزکی تبدیلی اوربجلی سے متعلقہ دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پر منعقدہ ای کچہری کے موقع پرکہا کہ وزارت توانائی(پاورڈویژن)کی ہدایات پرصارفین کے مسائل ان کی دہلیز پر گھر بیٹھے ایک کلک پرحل کئے جارہے ہیں۔ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں بہت مددگارثابت ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

صارفین کو گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات براہ راست چیف ایگزیکٹو آفیسرتک پہنچانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے صارفین اور فیسکو انتظامیہ کے درمیان صارف دوست ماحول پیداہورہا ہے۔

کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔تمام آپریشن اور دیگر متعلقہ فیسکو افسران و سٹا ف صارفین کوبجلی کی بلاتعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے ہمہ قسم کے مسائل کابھی جلد ازالہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیسکو اپنے صارفین کو کوالٹی سروس کی فراہمی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی مزیدصارف دوست پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جن سے صارفین اور فیسکو سٹاف کے مابین رابطوں اور اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں قائم مرکزی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ ہیلپ لائن 118،ٹال فری نمبر66554۔0800اور ایس ایم ایس سروس 8118پر بھی صارفین اپنی شکایات چوبیس گھنٹے درج کراسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو نے صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں بجلی چوری کی وارداتوں پرگہری نظر رکھیں اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے فیسکو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ فیسکو سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے اورصارفین کو ریلیف مل سکے۔

فیس بک پر دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ای کچہری کے دوران فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،سرگودھا،میانوالی، خوشاب اور بھکر کے صارفین نے مختلف نوعیت کے مسائل جن میں نئے کنکشنوں کی جلد تنصیب،پرانے اور خستہ حال پول/تاروں کی تبدیلی،ٹرانسفارمر ز کی تبدیلی/اپ گریڈیشن،خراب میٹروں کی تبدیلی سمیت وولٹیج کی کمی بیشی سے آگاہ کیا۔

چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے صارفین کے مسائل کے جلد ازالے کیلئے متعلقہ افسران کوفوری احکامات جاری کئے۔اس موقع پر فیسکوکے چھ آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز بھی آن لائن موجو د تھے۔آن لائن کچہری میں جنرل منیجر آپریشن عمر حیات گوندل،جنرل منیجر (C&CS)راؤ مبشر حیات، جنرل منیجر ٹیکنیکل میاں محمد رفیق،چیف انجینئر (آپریشن) محمد سعید،چیف انجینئر (CS)اصغر حسین قزلباش،ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن)منورخان، ڈائریکٹر کمرشل ذوالفقار علی،ڈائریکٹر پی آر محمد سعید رضا اور ڈپٹی ڈائریکٹر 118حافظ محمد شہزادبھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :