)سیاسی اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر باہمی احترام اور افہام و تفہیم ہی وہ راستہ ہے جو ہمیں دیرپا حل کی طرف لے جا سکتا ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:20

ٰ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا نوجوان باصلاحیت، باشعور اور اپنے مستقبل کے حوالے سے پرامید ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی قیادتیں باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا سیاسی اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر باہمی احترام اور افہام و تفہیم ہی وہ راستہ ہے جو ہمیں دیرپا حل کی طرف لے جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر مسئلے کا حل بات چیت سے نکالنے پر یقین رکھتی ہے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعمیری سوچ، جدید تعلیم، ہنر اور معاشی خودمختاری کی طرف لانا ہمارا قومی فریضہ ہے، اور موجودہ حکومت اسی ویژن پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں ایسی فضا قائم کرنا ہوگی جہاں سیاست کا مرکز عوامی خدمت ہو، نہ کہ الزام تراشی اور تنقید برائے تنقید۔ انہوں نے تمام جماعتوں، خصوصا بلوچستان کی قوم پرست قیادت سے اپیل کی کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں مثبت کردار ادا کریں اور مل بیٹھ کر ان پالیسیوں کو تقویت دیں جو بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا رہی ہیں۔