رحمان فائونڈیشن کے زیر اہتمام زبیدہ غفور میموریل ہسپتال میں ڈائیلسز سینٹر کا افتتاح

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)رحمان فائونڈیشن کے زیر اہتمام پیس فانڈیشن کے تعاون سے زبیدہ غفور میموریل ہسپتال میں جدید ڈائیلسز سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی معروف کالم نگار پروفیسر توفیق بٹ تھے۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین رحمان فانڈیشن ڈاکٹر وقار احمد نیاز، چیئرمین زبیدہ غفور میموریل ہسپتال سیٹھ عبدالرب عدنان، ڈائریکٹر پیس فائونڈیشن سعد الطاف بٹ، بریگیڈیئر (ر)محمد طارق، لیفٹیننٹ کرنل (ر)جاوید اقبال، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رحمان فائونڈیشن فرح دیبا، مینیجنگ ڈائریکٹر میاں الفت رسول، ڈائریکٹر نوازش لودھی،ڈائریکٹر منشااللہ قاضی اور کالم نگارچوہدری عبدالمجید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر توفیق بٹ نے کہا کہ موجودہ دور میں ایسے فلاحی منصوبے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے رحمان فائونڈیشن اور پیس فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے خاموشی سے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ڈاکٹر وقار احمد نیاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رحمان فائونڈیشن ہمیشہ سے مستحق مریضوں کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جدید مشینری سے آراستہ یہ ڈائیلسز سنٹر مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرے گا۔سیٹھ عبدالرب عدنان اور سعد الطاف بٹ نے بھی اس منصوبے کو انسان دوستی کا عملی نمونہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانانِ گرامی نے ڈائیلسز سنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :