کرک پولیس نے میٹرک امتحان کے پرچے لیک کرنیوالے گروہ کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم گرفتار کرلیا

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:45

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)کرک پولیس نے میٹرک کے جاری سالانہ امتحان کے پرچے لیک کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ ہفتہ کی شام جاری پولیس بیان کے مطابق اس گروہ میں شامل بعض اساتذہ اور دیگر افراد شامل تھے جو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے امتحانی پرچے لیک کرکے اس کے حل شدہ جوابات طلبہ وطالبات کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرتے تھے۔

(جاری ہے)

کرک پولیس کی ایک ٹیم نے پیشہ ورانہ حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے مرکزی ملزم ارمان اللہ عابد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے موبائل فون، لیک شدہ پرچے اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزم پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں واقعہ کے بارے مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں کہ گروہ کے سرغنہ کو کہاں سے حراست میں لیا گیا ہے۔