سانگلہ ہل، گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی عمارت کی خستہ حالی، سینکڑوں طالبات کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

کالج کی 33سال پہلے بننے والی عمارت خستہ حال ہو چکی ہے،انتظامیہ نے کسی بڑے حادثے کے پیش نظر خستہ حال عمارت کو بند کردیا حلقہ کے 30تعلیمی ادارے اپ گریڈ کروارہا ہوں اور عمارتیں بھی تعمیر کروانگا، کالج کی عمارت ضرور بنے گی، بیرسٹر سلطان طارق باجوہ

اتوار 13 اپریل 2025 11:10

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)مقامی گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی عمارت کی خستہ حالی کے باعٹ سینکڑوں طالبات کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں،موسم کی خرابی،سخت سردی اور شدید گرمی کے دوران طالبات تعلیم کے حصول سے قاصر ہیں،کالج کی33سال پہلے بننے والی عمارت گذشتہ کئی سالوں سے خستہ حال ہو چکی ہے،کالج انتظامیہ نے کسی بڑے حادثے کے پیش نظر خستہ حال عمارت کو بند کردیا،جسکی وجہ سے حلقہ بھر کی سینکڑوں طالبات کھلے آسمات تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں،طالبات خستہ حال عمارت کے قریب سے گزرنے سے بھی گھبرانے لگیں،شہریوں نے کالج کی خستہ حالی کے بارے میں پنجاب اسمبلی کے سابق رکن چوہدری طارق محمود باجوہ کو بتایا تو انہوں نے کالج کی عمارت کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کروانے کا وعدہ کیا،شہریوں نے طارق محمود باجوہ کے صاحبزادے پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان طارق باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے والد محترم کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جلد عمارت کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنائیں،اس حوالے سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ عورت مہذب معاشرے کے تشکیل کی ضامن ہے،میرے والد نے بھی اپنے ادوار میں گرلز تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دی تھی،بیسوں ادارے اپ گریڈ کروائے اور نئی عمارتیں تعمیر کروائیں،میں بھی 30ادارے اپ گریڈ کروارہا ہوں اور عمارتیں بھی تعمیر کروانگا،کالج کی عمارت ضرور بنے گی۔