وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ ،دیگرحکومتی شخصیات کانامور فنکار کامیڈین جاوید کوڈو کی رحلت پر اظہار افسوس

وفات سے میڈیا انڈسٹری میں ایسا خلا ء پیدا ہوگیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہو‘ شہباز شریف کا اظہار تعزیت جاوید کوڈو نے منفرد انداز کے باعث فلم ،ٹی وی ،اسٹیج اداکاری میں بھرپور نام کمایا، ،انداز مزاح کو تادیر یاد رکھا جائیگا

اتوار 13 اپریل 2025 11:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دیگرحکومتی شخصیات نے نامور فنکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کی رحلت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ جاوید کوڈو جو کہ اپنے چھوٹے قد اور قدآور اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے کی وفات سے میڈیا انڈسٹری میں ایسا خلا ء پیدا ہوگیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہو۔

مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم جاوید کوڈو کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے منفرد اداکار جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

انہوںنے کہا کہ جاوید کوڈو نے منفرد انداز کے باعث ٹی وی اور اسٹیج اداکاری میں بھرپور نام کمایا، پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں جاوید کوڈو کے انداز مزاح کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار جاوید کوڈو کے انتقال پر معاون خصوصی پنجاب سلمی بٹ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں رب کریم مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ،اسٹیج ڈراموں میں جاوید کوڈو نے منفرد انداز کے باعث بھرپور نام کمایا، پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں جاوید کوڈو کے کردار کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان کے نامور کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا ۔ انہوںنے کہاکہ جاوید کوڈو نے اپنی عمدہ کامیڈی اور اداکاری سے پاکستان کا نام روشن کیا،پست قد کے باوجود کامیڈی کی دنیا کے بادشاہ بنے،جاوید کوڈو کامیڈی کی دنیا میں ہمیشہ یاد رہنے والا نام ہے۔

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا ۔ انہوںنے کہا کہ جاوید کوڈو نے اپنی عمدہ کارکردگی سے سب کا دل جیتا ،جاوید کوڈو نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا،جاوید کوڈو کامیڈی کی دنیا میں ہمیشہ یاد رہنے والا نام ہے،جاوید کوڈو ایک قیمتی اثاثہ تھے جس کی تلافی ناممکن ہے۔