تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں رات گئے موٹر سائیکل سوار تین ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی ، ایک زخمی ملزم سمیت تین رکنی گینگ کو گرفتار

اتوار 13 اپریل 2025 15:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں رات گئے موٹر سائیکل سوار تین ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت تین رکنی خطرناک کومہ گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں گینگ کا سرغنہ وقاص عرف کومہ، عمران عرف ماڑو اور زخمی حالت میں گرفتار ملزم سہیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضہ سے مسروقہ موٹر سائیکل، رقم اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی، چھینا جھپٹی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ یہ گینگ رتہ امرال، بنی، نیوٹاؤن اور پیرودھائی کے علاقوں میں کافی عرصہ سے سرگرم تھا۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے سٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک گینگ کی گرفتاری پر ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی اور رتہ امرال پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔