ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 15فیصد اضافے کا نوٹی فکیش جاری نہ ہوسکا

وزارت ترقی انسانی وسائل کی سنگین غفلت: 3 ماہ گزر گئے، ملک بھر میں 5 لاکھ بزرگ پنشنرز رل گئے

جمعہ 20 جون 2025 16:44

ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 15فیصد اضافے کا نوٹی فکیش جاری نہ ہوسکا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)نجی شعبہ کے ریٹائرڈ اور معذور ملازمین اور ان کے لواحقین کو تاحیات پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) میں ایڈہاک انتظامیہ کے فائز ہونے کے باعث بدانتظامی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ جس کا خمیازہ ملک بھر کے لاکھوں بزرگ پنشنرز کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

اس سلسلہ میں ای او بی آئی کے امور پر گہری نظر رکھنے والے ادارہ کے سابق افسر تعلقات عامہ اور سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان کے ڈائریکٹر اسرار ایوبی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ای او بی آئی وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ اس کے سہ فریقی بورڈ آف ٹرسٹیز نے 12 ویں ایکچوریل ویلیویشن رپورٹ کی روشنی میں 20 مارچ 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ اپنے 135ویں اجلاس میں کافی بحث و مباحثہ کے بعد متفقہ طور پر ای او بی آئی کے پنشنرز کے لئے یکم جنوری 2025 سے پنشن میں 15 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی اور اضافہ شدہ پنشن کے اخراجات سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کی امداد بھی طلب کی تھی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے 30 اپریل کو ذرائع ابلاغ میں بیان دیا تھا کہ وزیر اعظم یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر ای او بی آئی کی پنشن میں اضافہ کا باضابطہ اعلان کریں گے لیکن حیرت انگیز طور پر وزیر اعظم کی جانب سے یوم مئی کے موقع پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے لاکھوں پنشنرز میں سخت مایوسی پھیل گئی ہے ۔

پھر وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ معاملہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا ہے ۔ لیکن تاحال اس اہم معاملہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ جبکہ مقررہ قانون کے مطابق ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کا اختیار اور اعلان نا تو وزیر اعظم کو حاصل ہے اور نہ ہی اس کی منظوری وفاقی کابینہ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے ۔ بلکہ مقررہ قانون کے مطابق ای او بی آئی کے ایک مختار ادارہ کی حیثیت سے پنشن میں اضافہ کا اختیار صرف اور صرف اس کے سہ فریقی بورڈ آف ٹرسٹیز کو حاصل ہے جس کے فیصلہ کے بعد وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان کو پنشن میں اضافہ کے لئے رسمی طور پر ایک نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوتا ہے۔

لیکن اس واضح طریقہ کار کے باوجود وزارت ترقی انسانی وسائل کی جانب سے اس بار پنشن میں اضافہ کے معاملہ کو خواہ مخواہ طول دیا جارہا ہے۔ اس صورت حال کی تمام تر ذمہ داری چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں قائم وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان پر عائد ہوتی ہے جو ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کے معاملہ میں سنگین غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔

جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بورڈ آف ٹرسٹیز کی جانب سے پنشن میں 15 فیصد اضافہ کے فیصلہ کو 3 ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک نہ تو ای او بی آئی کو 5 ارب روپے کی امداد میسر آسکی اور نہ ہی وزارت کی جانب سے پنشن میں 15 فیصد اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکا، جو وزارت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس تشویشناک صورت حال کے نتیجہ میں ملک بھر میں 5 لاکھ بزرگ پنشنرز رل گئے ہیں لیکن ان مظلوموں کا کوئی پرسان حال نہیں۔