پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی کارروائی ،میرٹ سے ہٹ کر ہاسٹلز میں مقیم عناصر بیدخل

اتوار 13 اپریل 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ہاسٹلز سے سینکڑوں غیر قانونی قابضین کو نکال دیا جس سے ہاسٹلز میں 600 طلبا کے لئے گنجائش پیدا ہو گئی۔ پنجاب یونیورسٹی ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز سے محروم مارننگ کے 300 مستحق طلبا کو ہاسٹلز الاٹ کر دیئے ہیں جبکہ ہاسٹل سے محروم دور دراز علاقوں سے وابستہ مزید300 مارننگ کے طلبا کو بھی ہاسٹل دیئے جائیں گے،ہاسٹل سے محروم مارننگ طلبا کی الاٹمنٹ کے لئے ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کام کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی قابض افراد یونیورسٹی میں نقص امن کا باعث اور وہ سہولیات کی مد میں پنجاب یونیورسٹی کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے، با اثر غیر قانونی قابضین کے باعث یونیورسٹی سالانہ 2 کروڑ کے رہائشی واجبات سے بھی محروم رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر غیر قانونی قابضین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ طلبا تنظیمیں غیر متعلقہ افراد اور میرٹ سے ہٹ کر ایوننگ کے طلبا کو ہاسٹل دینے کے لئے بھی دبائو ڈال رہی ہیں، یونیورسٹی میں ایوننگ کے طلبا کو کبھی بھی ہاسٹلز کی سہولت نہیں دی گئی،ہاسٹلز گنجائش کے مطابق میرٹ پر آنے والے طلبا کا حق ہے، پنجاب یونیورسٹی سب سے سستی ہاسٹل کی سہولت فراہم کرتی اورایک طالبعلم ماہانہ صرف 2 ہزار ہاسٹل رہائش کا کرایہ ادا کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی حمایت و سرپرستی کرتی ہے، انتظامیہ اور پولیس شر پسند طلبا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں جبکہ خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث طلبا کو دفاع کا بھرپور موقع بھی دیا جا رہا ہے، یونیورسٹی میں میرٹ اور قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔