کراچی کو ایک بار پھر بدامنی اور فسادات کی نذر نہیں ہونے دیں گے، ڈاکٹر سلیم حیدر

کچھ عاقبت نااندیش عناصر کراچی میں لسانی فسادات کرواکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں

اتوار 13 اپریل 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) ڈیزاسٹر ریپیئر کونسل (کے ڈی آر سی)کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کو ایک بار پھر بدامنی اور فسادات کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ کچھ عاقبت نااندیش عناصر کراچی میں لسانی فسادات کرواکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں لیکن کراچی کے عوام بہت باشعور ہیں اور اب وہ ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے اے این پی کے رہنما شاہی سید سے ملاقات ، مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کی جانب سے احتجاجی ریلی منسوخ کیے جانے اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کی جانب سے میئر کراچی مرتضی وہاب سے کراچی کے ترقیاتی فنڈز کے حصول کے لیے ملاقات میں اتفاق کو خو ش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب بانیان پاکستان کے وارثوں کی قیادت کو شعور اور فہم وفراست کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہم کراچی کے وارث ہیں اور اسے بدامنی کے ذریعے نقصان پہنچانے نہیں دیں گے ۔ پہلے ہی کراچی کے عوام معاشی بدحالی ، بیروزگاری اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کراچی کے عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھے ہوئے ہے ۔ پورے ملک کو چلانے والا شہر کراچی کے عوام جس مشکلات اور مصائب سے دوچار ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

تعلیم سے لے کر تجارت تک اور تجارت سے لے کر صحت اور بنیادی سہولیات تک میں کراچی کے عوام کو مستقل نظرانداز کیاجارہا ہے ۔ کراچی کے کروڑوں شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے ٹینکر کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی کے نام پر مافیا کی شکل اختیار کرگئے ہیں۔ ایک طرف دریائے سندھ سے چھ کینالز نکالے جانے پر واویلا کیا جارہا ہے تو دوسری طرف خود کراچی کے عوام پینے جیسے پانی سے محروم کردیئے گئے ہیں۔ برسوں سے کلفٹن، ڈیفنس اور کراچی کے مختلف علاقوں میںروزمرہ استعمال کیلئے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ سب سے پہلے کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اس کے بعد دیگر معاملات پر بات کی جاسکتی ہے۔