) بھائی اور بہنوئی نے غیرت کے نام پر اندھا دھند فائرنگ کر کے خاتون اور اسکے مبینہ آشنا کو موت کے گھاٹ اتار دیا

اتوار 13 اپریل 2025 18:10

ع فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء)تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 111 ج ب ڈھولنوال میں بھائی اور بہنوئی نے غیرت کے نام پر اندھا دھند فائرنگ کر کے خاتون اور اسکے مبینہ آشنا کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ آر پی او ذیشان اصغر نے دوہرے قتل کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔

آن لائن کے مطابق 32سالہ مظہر حمید ولد عبدالحمید فیصل آ باد ایجوکیشن بورڈ میں بطور کلرک ملازمت کرتا تھا اور قتل کے مقدمہ میں اشتہاری تھا۔جس کے گائوں کی مطلقہ خاتون اقراء بی بی دختر سعید سے مبینہ طور پر ناجائز مراسم تھے۔

(جاری ہے)

جسکا علم اقراء کے بھائی عبدالرحمن کو ہوا تو اس نے اپنے بہنوئی افتخار عرف بوٹا کے ساتھ مل کر پہلے گائوں کے مین بازار میں تھڑے پر سوئے ہوئے مظہر حمید ولد عبدالحمید کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔

اسکے بعد دوسرے چوک میں ملزم عبدالرحمن نے اپنی سگی بہن اقراء بی بی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، مضروب مظہر حمید کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔